کلیجی کا قورما:

ایک عدد بکرے کی کلیجی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ پھر تھوڑا سا نمک اور لہسن آٹھ جوےپانی میں ڈال کر کلیجی اُبال لیں۔اب دوسری دیگچی میں آدھا پائو تیل خُوب اچھی طرح گرم کریں۔اس میں دو عدد پیازکے باریک لچّھے اور لہسن کے چھےجوے باریک کترکر سُنہری کرلیں۔ساتھ ہی چار ٹماٹر بھی لمبائی میں کاٹ کر ڈال دیں۔ ٹماٹروں کا پانی خشک ہوجائے، تو سفید زیرہ ایک چٹکی،ادرک آدھی چھٹانک، کالی مرچ دس عدد، لونگ چار عدد، دار چینی کا چھوٹا سا ٹکڑا، نمک حسبِ منشا، لال مرچ حسبِ ذائقہ، دھنیا ایک چائے کا چمچ(پِسا ہوا) اور ہلدی آدھا چائے کا چمچ ڈال کر بھونیں۔ مسالے کی خوشبو آنے لگے، تو آدھ پائو دہی پھینٹ کر مکس کریں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ مسالا تیل چھوڑ دے،تو اس میں کلیجی کے ٹکڑے ڈال کر تھوڑا سا بھون لیں۔ ساتھ ہی ایک پیالی پانی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔اگر کھٹاس پسند ہو، تو پانی کی جگہ آدھی پیالی املی کا پانی بھی ڈال سکتے ہیں۔ کلیجی گل جائے، تو تھوڑا سا بھون کر ہرا دھنیا اور ہری مرچیں(حسبِ پسند)کاٹ کر دَم دے دیں۔