اہم خبریں

اس سال سب سے سستا نیا آئی فون بھی مہنگا، قیمت جان کر صارفین دنگ رہ جائیں گے

کیلیفورنیا (اے بی این نیوز) ایپل نے آئی فون 18 سیریز کی نئی حکمت عملی کے تحت رواں سال ستمبر میں صرف مہنگے اور پرو ماڈلز متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی ہے، جس کے باعث اس سال ستمبر میں پیش ہونے والا سب سے سستا نیا آئی فون بھی صارفین کی توقعات سے کہیں زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے۔

ایپل نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اس کا “Surprise and Shine” ایونٹ 9 ستمبر 2026 کو منعقد ہوگا۔ اس موقع پر آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل اس مرتبہ اپنی روایتی حکمت عملی تبدیل کررہا ہے اور اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کو ستمبر میں لانچ نہیں کیا جائے گا ۔ عام آئی فون 18، آئی فون 18e اور آئی فون ایئر کی دوسری جنریشن کو 2027 کی بہار میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اس صورتحال میں 9 ستمبر کے ایونٹ میں آئی فون 18 پرو سب سے کم قیمت والا نیا آئی فون ہوسکتا ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس کی قیمت کم از کم 1099 ڈالر ہوسکتی ہے، تاہم قیمت میں اضافے کی صورت میں یہ تقریباً 1199 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

اگر آئی فون 18 پرو کی قیمت 1199 ڈالر مقرر کی جاتی ہے تو پاکستانی کرنسی میں اس کی قیمت موجودہ شرح مبادلہ کے حساب سے تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے، جبکہ پاکستان میں ٹیکسز، ڈیوٹیز اور دیگر اخراجات کے باعث اصل مارکیٹ قیمت اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔

قیمت بڑھنے کی بڑی وجہ میموری اور دیگر اہم کمپوننٹس کی بڑھتی ہوئی لاگت کو قرار دیا جارہا ہے۔ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل کے پرو ماڈلز کی قیمت میں 100 سے 200 ڈالر یا اس سے بھی زیادہ اضافہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی اسی ایونٹ میں متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس کی ابتدائی قیمت 2 ہزار ڈالر سے تجاوز کرسکتی ہے، جبکہ بعض اندازوں میں قیمت 2500 ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

نئے آئی فون 18 پرو میں 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی A20 Pro چپ، بہتر کیمرا، چھوٹا Dynamic Island اور دیگر اہم اپ گریڈز شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم ان خصوصیات اور قیمتوں کی حتمی تصدیق ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کے ایونٹ میں متوقع ہے۔

یوں رواں سال ایپل کی جانب سے آئی فون خریدنے والے صارفین کو ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہوگا، کیونکہ ستمبر میں متعارف ہونے والا سب سے سستا نیا ماڈل بھی Pro سیریز کا مہنگا فون ہوگا، جبکہ نسبتاً کم قیمت والے نئے آئی فونز کے لیے صارفین کو 2027 تک انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔
مزیدپڑھیں: پجیرو کی دھماکے دار واپسی، نیا لُک اور جدید فیچرز نے سب کی توجہ حاصل کرلی

متعلقہ خبریں