تل ابیب(نیوزڈیسک)حماس رہنما اسامہ حمدان نےالزام عائد کیا ہے اسرا ئیلی افواج نے الشفاء ہسپتال سے درجنوں لاشیں غائب کردیں ۔ اسامہ بن حمدان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کیخلاف القسام بریگیڈ نے اسرائیلی فوج کو اس کے ارکان، افسروں اور ساز و سامان کے لحاظ سے نقصان پہنچایا۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔ جنوبی غزہ پر اسی طرح بمباری کر رہا ہے جیسا اس نے شمالی غزہ میں کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے شفا میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر کو کمپلیکس خالی کرانے کے لیے 6 بار طلب کیا اور طبی عملے کو وہاں سے جانے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج ان علاقوں میں قتل عام کر رہی ہے جو اس کے دعویٰ کے مطابق محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا شہید ہونے والوں میں سے 43 فیصد جنوبی غزہ کی پٹی میں ہیں۔انہوں نے تصدیق کی کہ اسرائیلی فوج کو شفا ہسپتال میں کوئی مبینہ کمانڈ روم نہیں ملا۔ یاد رہے اسرائیل نے ہسپتال میں حماس کے کمانڈ روم کی موجودگی کا دعویٰ کیا تھا۔ اسامہ حمدان نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے شفا ہسپتال سے کچھ لاشیں بھی اغوا کرلی ہیں اور اسی بنا پر اسرائیل اب حماس کے متعدد رہنماؤں کو مار ڈالنے کا دعویٰ کر رہا ہے۔العربیہ نے شفا ہسپتال کے اندر سے خصوصی مناظر نشر کیے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے کچھ لاشیں منتقل کی ہیں۔ حماس نے اپنی قانون ساز کونسل کے سربراہ احمد بحر کی ہلاکت کا اعلان کیا اور بتایا کہ احمد بحر اسرائیلی بمباری کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے















