اہم خبریں

غزہ میں تباہی،اقوام متحدہ امدادی سرگرمیاں روکنے پر مجبور

یروشیلم (نیوزڈیسک)غزہ پر اسرائیلی بمباری سے مواصلاتی نظام تباہ ہونے کے باعث اقوام متحدہ کی جانب سے غذائی اشیا کی ترسیل معطل ہوگئی۔یو این آر ڈبلیو اے ترجمان جولیٹ ٹوما نے بیان میں کہا کہ غزہ میں رابطے کٹ جانے اور مواصلاتی بلیک آؤٹ نے غزہ کیلئے غذائی اشیا سمیت دیگر امدادی سامان کی ترسیل روکنے پر مجبور کردیا۔اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں بڑے پیمانے پر بھوک و افلاس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا تاہم اس تشویشناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوشاں عالمی ادارے کو بھی اب مجبوراً غذائی اشیاء کی ترسیل سمیت اپنی دیگر سرگرمیاں روکنی پڑ گئی ہیں۔قابض اسرائیلی فوج نے گزشتہ کئی ہفتوں سے غزہ میں بجلی ، انٹرنیٹ اور ایندھن کی فراہمی بند کی ہوئی ہے اور غزہ کے 23 لاکھ سے زائد شہری محصور ہوچکے ہیں۔ عالمی اداروں نے غزہ کو فراہم کی جانے والی محدود امداد کو ناکافی قرار دیا ہے۔ورلڈ فوڈ پروگرام اور دیگر تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے بڑے پیمانے پرغذائی اشیا سمیت دیگر امدادی سامان کی ترسیل کی اجازت نہیں دی توغزہ میں قحط کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب امریکا کے کہنے پر اسرائیل نے اقوام متحدہ کو غزہ میں صرف 60 ہزار لیٹرروزانہ فراہم کرنے کی حامی بھری ہے۔

متعلقہ خبریں