پشاور(نیوزڈیسک)نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کی وفات کے بعد نئے نگران وزیراعلیٰ کیلئے سابق چیف جسٹس ارشد حسین شاہ کا نام بطور نگران وزیراعلیٰ نامزد کردیا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی ملاقات میں سابق جسٹس سید ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے ۔ نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورتکیلئے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اہم اجلاس بلایا جس میں سابق وزیراعلی محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان دُرانی کے علاوہ لیگل ٹیم اور صوبے کے انتظامی امور چلانے والے افراد شریک ہوئے۔ملاقات میں نئے نگران وزیراعلیٰ کے نام پر غور کیا گیا، اور نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختون خواکیلئے جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کا نام زیرغور آیا۔محمود خان اور اکرام درانی نے نئے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے جسٹس (ر) ارشد حسین کے نام پر اتفاق کیا۔ اور ارشد حسین شاہ کو خیبر پختون خوا کا نیا نگراں وزیراعلیٰ نامزد کردیا گیا۔جسٹس ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ اباد سے ہے، اور وہ سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جج رہے ہیں، جب کہ نگران وزیر قانون بھی رہے ہیں۔گورنرکے پی نے سابق وزیراعلی محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان دُرانی کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی سمری ارسال کی تھی۔















