ڈھاکہ (نیوزڈیسک) بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں حکومت مخالف مظاہروں پر اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈھاکا میں حکومت مخالف مظاہروں پر بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور اپوزیشن لیڈر مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے ہزاروں افراد نے دارالحکومت ڈھاکا میں حکومت کے خلاف احتجاج کیا جس دوران وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا جب کہ اس دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں ایک پولیس افسر اور ایک شہری ہلاک ہوگیا۔ مقامی میڈیا ر پورٹ کے مطابق 75 سالہ اپوزیشن لیڈر مرزا عالمگیر کو ملک کے چیف جسٹس کے گھر پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، ان کے ساتھ بی این پی کے 164 افراد کو ایک شہری اور پولیس افسر کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اتوار کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ بنگلادیش کے اپوزیشن لیڈر مرزا عالمگیر بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیائٓکی گرفتاری اور 5 سالہ سزا کے بعد سے پارٹی کی سربراہی کررہے ہیں۔















