اسلام آباد ( اے بی این نیوز )چیئرمین سی ڈی اے نے گریڈ 16 اور17 کے دو افسران کو سروس سے معطل کردیا ۔معطل ہونیوالوں میں بازار انسپکٹر حیدرامام اور ڈپٹی ڈائریکٹر ملک محمد قاسم شامل ہیں ،ان افسران کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ،احکامات نہ ماننے اور خراب کارکردگی کے الزامات کے تحت کارروائی کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ۔گریڈ سولہ کے بازار انسپکٹر حیدر امام کو نوکری سے معطل کیا گیا ہے انکے پاس اس وقت اسسٹنٹ ڈائریکٹر بازار ، ڈی ایم اے کا عارضی چارج تھا ۔ڈپٹی ڈائریکٹر ملک محمد قاسم کو ٹرانسفر کے احکامات نہ ماننے پر بھی نوکری سے معطل کردیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ان کا سٹرکچر ڈاریکوریٹ سے ڈی جی انسپکشن آفس تبادلہ کیا گیا 33دن گزرنے کے باوجود انہوں نے عہدے کا چارج نہیں سنبھالا ۔نوٹیفیکیشن کے مطابق دونوں افسران کو خراب کارکردگی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر عہدوں سے معطل کرتے ہوئے ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔















