اہم خبریں

بیلجیئم میں آج قومی دن منایا جا رہا ہے، مختلف تقریبات کا انعقاد

برسلز ( اے بی این نیوز    )آج بیلجیئم کا قومی دن منایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ہر سال 21 جولائی کو یہ دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن بیلجیئم کے پہلے بادشاہ لیو پولڈ اول کی بادشاہ کی حیثیت سے حلف برداری کی سالگرہ کے طور پر منایا جاتا ہے جنہوں نے 1831 میں یہ منصب سنبھالا تھا۔اس حوالے سے تاریخی تفصیلات کے مطابق ‘نپولین کی جنگوں کے بعد بیلجیئم متحدہ نیدر لینڈ کا حصہ بن گیا تھا۔ بعدازاں بیلجیئم میں ایک انقلابی تحریک چلی جس نے اگست اور اکتوبر 1830 کے درمیان ڈچ افواج کو ملک چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔ایک بادشاہ کی تلاش میں اس وقت کے انقلابیوں نے Saxe-Coburg-Gotha کے شہزادہ لیوپولڈ کے بارے میں فیصلہ کیا جو کہ برطانیہ میں مقبول جرمن اشرافیہ سے تعلق رکھتا تھا۔لیوپولڈ جولائی 1831 کے اوائل میں برسلز پہنچا اور 21 جولائی کو ملک کا پہلا بادشاہ بن کر آئین سے وفاداری کا حلف لیا۔ اس طرح 21 جولائی 1831 کا دن بیلجیئم کی جدید بادشاہت کا آغاز سمجھا جاتا ہے۔آج کے دن ملک میں عام تعطیل ہوتی ہے اور دن میں مختلف تقریبات کے علاوہ رات کے وقت آتش بازی کی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں