اسلام آباد (اے بی این نیوز )پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی نوجوان بیٹر عائشہ نسیم نے کرکٹ سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کوشش تھی کہ جارح مزاج کرکٹر فیصلہ واپس لے لیں، تاہم پی سی بی کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں۔ذرائع نے بتایا کہ عائشہ نسیم نے کچھ عرصہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا تھا کہ وہ مزید نہیں کھیلنا چاہتیں، یہ ان دنوں کی بات ہے جب وہ انجری کا شکار تھیں۔
تاہم پی سی بی نے اس موقع پر فیصلے کو جذباتی جان کر انہیں سمجھانے کی کوشش کی۔ پاکستان ویمن ٹیم کی ایک سینئر پلیئر کو بھی عائشہ سے بات کرنے کو کہا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ پر فیصلے تک عائشہ کے جواب کا انتظار کرنا چاہتا ہے تاہم عائشہ نسیم اب تک اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ ذرائع کے مطابق عائشہ نے کسی موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو اتنی جلد ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا۔













