لندن (اے بی این نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر مارک ووڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
انگلش فاسٹ بولر مارک ووڈ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
مارک ووڈ نے لکھا کہ ‘میں نے ہمیشہ ثابت قدم رہنے کی کوشش کی اور انجری سے واپس آکر لوگوں کو غلط ثابت کرنے اور سب کو یہ دکھانے کی کوشش کی کہ میں کیا کرسکتا ہوں لیکن بدقسمتی سے، اس بار میں یہ جنگ ہار گیا’۔
مارک ووڈ نے کہا کہ ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق اب ٹیسٹ اور 50 اوورز کی کرکٹ کھیلنا ممکن نہیں، اس لیے گزشتہ ایک سال کے دوران انگلینڈ کے لیے مزید کھیلنے کا خواب آہستہ آہستہ مجھ سے چھن گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی نمائندگی کرنا میرے لیے سب سے بڑا اعزاز تھا جس کی میں خواہش کرسکتا تھا اور یہ میرے لیے ایک خواب کی تعبیر تھی۔
واضح رہے کہ مارک ووڈ نے 2015 میں لارڈز کے میدان میں نیوزی لینڈ کے خلاف انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور 38 ٹیسٹ میچز میں 119 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے انگلینڈ کے لیے 70 ون ڈے اور 38 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے۔
36 سالہ مارک ووڈ 2019 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی تاریخی کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔
انہوں نے ٹورنامنٹ میں 18 وکٹیں حاصل کیں اور متعدد مواقع پر 95 میل فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے بولنگ کی۔
مارک ووڈ نے 4 ایشز سیریز میں بھی شرکت کی اور آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ کی یادگار فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔
مزیدپڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟















