اسلام آباد: پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کے حوالے سے اہم تبدیلی سامنے آگئی ہے، 15 اکتوبر 2026 سے نئے مشین ریڈیبل پاسپورٹ کے بجائے صرف ای پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے اس حوالے سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کو آگاہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
تازہ اطلاعات کے مطابق شہری 14 اکتوبر تک نئے مشین ریڈیبل پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے، جبکہ 15 اکتوبر کے بعد نئی درخواستیں ای پاسپورٹ کے لیے وصول کی جائیں گی۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز کو بھی نئی پالیسی پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ پہلے سے جاری مشین ریڈیبل پاسپورٹ فوری طور پر منسوخ نہیں ہوں گے۔ دستیاب رپورٹ کے مطابق ایسے پاسپورٹ اپنی درج شدہ میعاد تک قابل استعمال رہیں گے، تاہم میعاد ختم ہونے کے بعد ان کی مشین ریڈیبل پاسپورٹ کے طور پر تجدید نہیں کی جائے گی اور اس کے بجائے ای پاسپورٹ جاری ہوگا۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق ای پاسپورٹ کی سہولت ملک کے تمام فیلڈ دفاتر میں پہلے ہی دستیاب ہے۔ اس پاسپورٹ میں ایک غیر رابطہ الیکٹرانک این ایف سی چپ موجود ہوتی ہے، جس میں پاسپورٹ ہولڈر کی شناخت اور بائیومیٹرک معلومات محفوظ کی جاتی ہیں۔ یہ نظام بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے اور ای گیٹ کے ذریعے امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ای پاسپورٹ کی موجودہ فیس کے مطابق 36 صفحات کے پانچ سالہ پاسپورٹ کی نارمل فیس 9 ہزار روپے جبکہ ارجنٹ فیس 15 ہزار روپے ہے۔ اسی طرح 36 صفحات کے 10 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 13 ہزار 500 روپے اور ارجنٹ فیس 22 ہزار 500 روپے مقرر ہے۔
72 صفحات کے پانچ سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 16 ہزار 500 روپے اور ارجنٹ فیس 27 ہزار روپے ہے، جبکہ 10 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 24 ہزار 750 روپے اور ارجنٹ فیس 40 ہزار 500 روپے ہے۔
DGI&P کی سرکاری معلومات کے مطابق ای پاسپورٹ کی فیس آن لائن بھی ادا کی جاسکتی ہے، جبکہ پاسپورٹ کی درخواست اور دیگر متعلقہ خدمات کے لیے ادارے کی آن لائن سہولت بھی دستیاب ہے۔
یوں 15 اکتوبر سے پاسپورٹ کے نظام میں ہونے والی تبدیلی کے بعد نئے درخواست گزاروں کو مشین ریڈیبل پاسپورٹ کے بجائے ای پاسپورٹ حاصل کرنا ہوگا، جبکہ پہلے سے موجود مشین ریڈیبل پاسپورٹ اپنی مقررہ میعاد تک استعمال کیے جاسکیں گے۔















