لاہور( اے بی این نیوز) ایشیا کپ میں محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کے بعد اب ایشین گیمز 2026 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی میڈلز تقریب سے متعلق نئی بحث سامنے آگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگر اولمپک کونسل آف ایشیا کی جانب سے محسن نقوی کو میڈلز پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے تو بھارتی کھلاڑیوں کے لیے صورتحال مختلف ہوسکتی ہے۔ تاہم محسن نقوی کو ایشین گیمز کی میڈلز تقریب میں یہ ذمہ داری ملنے کا فیصلہ ابھی حتمی نہیں ہوا۔
اولمپک کونسل آف ایشیا کے آئین و قواعد کے آرٹیکل 66 کے مطابق ایشین گیمز میں کامیاب کھلاڑیوں کو میڈلز اولمپک کونسل آف ایشیا کے صدر کی جانب سے پیش کیے جاتے ہیں، جبکہ صدر یہ ذمہ داری کسی دوسرے رکن کو بھی سونپ سکتے ہیں۔
قواعد کے مطابق میڈلز کی تقریب کے دوران کسی قسم کا سیاسی، مذہبی، نسلی یا تجارتی احتجاج یا تشہیر کی اجازت نہیں۔ اولمپک کونسل آف ایشیا ماضی میں بھی واضح کرچکی ہے کہ میڈلز کی تقریب میں احتجاج کی صورت میں تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
دستیاب رپورٹس کے مطابق بھارتی مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں نے حالیہ ایشیا کپ میں محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس کے بعد ایشین گیمز میں میڈلز کی تقریب کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا نے کہا ہے کہ فی الحال ٹیم کی توجہ مقابلوں پر ہے اور اگر میڈلز تقریب کی صورتحال سامنے آتی ہے تو اس وقت کے حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔
یوں محسن نقوی کی ممکنہ موجودگی اور میڈلز پیش کرنے کی ذمہ داری سے متعلق حتمی فیصلہ اولمپک کونسل آف ایشیا کی جانب سے کیے جانے کے بعد ہی صورتحال واضح ہوگی۔
مزید پڑھیں:اٹلی کے لیجنڈ فٹبالر سینڈرو ماتزولا انتقال کرگئے، فٹبال کی دنیا سوگوار















