اہم خبریں

ینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی خواتین کے لیے اہم ہدایت جاری

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ مستحق خواتین کے لیے اہم ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے ان خواتین کو اپنے شناختی کارڈز کی میعاد چیک کرنے اور کارڈ ختم ہونے کی صورت میں فوری تجدید کرانے کا کہا ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق جن مستحق خواتین کے قومی شناختی کارڈز کی میعاد ختم ہوچکی ہے، وہ کسی تاخیر کے بغیر قریبی نادرا مرکز جاکر اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کا عمل مکمل کریں۔ اس اقدام کا مقصد بی آئی ایس پی کی مالی معاونت حاصل کرنے والی خواتین کو ادائیگی کے مرحلے میں ممکنہ مشکلات سے بچانا ہے۔

ہدایت کے مطابق شناختی کارڈ کی بروقت تجدید نہ ہونے کی صورت میں مستحق خواتین کو اپنے سہ ماہی وظیفے کی وصولی کے دوران مسائل یا تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے۔ اس لیے بی آئی ایس پی سے فائدہ اٹھانے والی خواتین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کی حیثیت پہلے سے چیک کرلیں۔

بی آئی ایس پی کی جانب سے مستحقین کو ادائیگیوں اور دیگر معاملات میں سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنے پر بھی زور دیا جاتا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق پروگرام سے متعلق پیغامات کے لیے 8171 سرکاری نمبر ہے، جبکہ کسی دوسرے نمبر سے موصول ہونے والے پیغام پر اعتماد نہیں کرنا چاہیے۔

بی آئی ایس پی کے مختلف اقدامات میں مستحق خواتین کے لیے ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف اور آسان بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ ادارے کی حالیہ معلومات کے مطابق مالی معاونت کو براہ راست بینک اکاؤنٹس تک منتقل کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں تاکہ خواتین کو اپنی رقم تک زیادہ سہولت اور شفاف انداز میں رسائی حاصل ہوسکے۔

اس لیے پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کی میعاد، موبائل نمبر اور بی آئی ایس پی سے متعلق دیگر بنیادی معلومات درست اور فعال رکھیں تاکہ امدادی رقم کی وصولی میں غیر ضروری رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

متعلقہ خبریں