بنگلورو(نیوزڈیسک)کانگریس رہنما راہول گاندھی اور ان کی والدہ سونیا گاندھی کے طیارے نے خراب موسم کے باعث بھوپال ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق وہ بنگلورو میں 26 سیاسی جماعتوں کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کے بعد واپس دہلی آرہے تھے۔طیارے نے 7 بجکر 45 منٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، اطلاع ملتے ہی سینئر کانگریس رہنما پی سی شرما اور کنال چوہدری فوری طور پر ایئرپورٹ پہنچے۔بنگلورو میں ہونے والا دو روزہ اجلاس تمام اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ایک سیاسی اتحاد پر منتج ہوا جس کا نام ‘انڈین نیشنل ڈیویلپمنٹل انکلوزیو الائنس رکھا گیا ہے۔یہ سیاسی اتحاد 2024 کی لوک سبھا انتخابی مہم کیلئے بنایا گیا ہے، کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہماری جنگ بی جے پی کے نظریات اور ان کی سوچ سے ہے۔راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بی جے پی ملک پر حملہ آور ہے، بےروزگاری عروج پر ہے اور ملک کی دولت لوٹ کر بی جے پی اور وزیراعظم کے چند دوستوں میں بانٹی جا رہی ہے۔















