اہم خبریں

سابق حکومت نے ریڈیو اور پی ٹی وی کے اثاثوں کو نیلام کرنے کا منصوبہ بنایا،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کے اثاثوں کو نیلام کرنے کا منصوبہ بنایا، ہم نے اقتدار میں آ کر قومی اثاثوں کو عوام کے لئے استعمال کیا، انہیں نیلام نہیں کیا، سابق وزیر اطلاعات ہر چیز کو بیچ دو کی پالیسی لے کر آئے تھے، ہم نے پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں معاشی بحالی کا منصوبہ شروع کیا، پی ٹی وی نے رواں سال ریکارڈ 5.5 ارب روپے کا ریکارڈ منافع کمایا، پی ٹی وی پشاور، ملتان اور کراچی سے علاقائی زبانوں کی نشریات 24 گھنٹے شروع کر دی ہیں، ریڈیو پاکستان میں 12 نئے سٹوڈیوز قائم کئے ہیں، ریڈیو پاکستان کی عمارتوں کی حدود میں عوام کو سستی تفریح کی فراہمی کے لئے نئے سینما ہائوسز قائم کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کی چیئرپرسن جویریہ ظفر آہیر نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ وفاقی سیکریٹری اطلاعات سہیل علی خان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، ڈی جی پیمرا سمیت وزارت اطلاعات کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق حکومت نے 2018ءمیں ریڈیو اور پی ٹی وی کو پرائیویٹ کرنے کے لئے اس کے اثاثوں کو نیلام کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، ہم نے ان اداروں میں معاشی بحالی کے منصوبے کا آغاز کیا۔ رواں سال پی ٹی وی نے 5.5 ارب روپے کا ریکارڈ منافع حاصل کیا، پی ٹی وی کی اس آمدن کے پیش نظر ہم نے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پشاور سینٹر سے علاقائی زبانوں کی نشریات کو 24 گھنٹے کر دیا ہے، اسی طرح پی ٹی وی لاہور کے تمام سٹوڈیوز کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ورچوئل کا اسلام آباد سینٹر میں سٹوڈیو قائم کیا گیا ہے جبکہ ملتان میں سرائیکی زبان میں نشریات کو 24 گھنٹے شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پشاور سینٹر سے پشتو زبان کی نشریات کا دورانیہ 24 گھنٹے کر دیا گیا ہے، اسی طرح سندھی زبان میں نشریات پی ٹی وی کراچی سے 24 گھنٹے نشر کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی اکیڈمی میں پی ٹی وی فلم انسٹیٹیوٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اکیڈمی میں میڈیا کے افراد کے لئے کورسز شروع کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں معاشی بحالی کا سفر جاری ہے، ریڈیو پاکستان لاہور اور پشاور کی حدود میں سینما قائم کئے جا رہے ہیں جن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان اسلام آباد میں 12 نئے سٹوڈیوز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو جلایا گیا، اس کا تمام آرکائیو جل گیا تھا، ہم نے اس عمارت کی بحالی اور تزئین کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان کے تمام آرکائیو کو ڈیجیٹلائز کرنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ فلم پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ 18۔2017ءمیں فلم پالیسی کی بنیاد رکھی، اس سال بجٹ میں اس پالیسی کے لئے رقم بھی مختص کی گئی۔

متعلقہ خبریں