راولپنڈی(نیوزڈیسک)چیف ٹریفک افسر(سی ٹی او)راولپنڈی تیمورخان نےکہاہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکاویژن ہے کہ پنجاب میں ٹریفک اوراس سے منسلک تمام نظام کوجدید خطوط پر استوار کیاجائے یہی وجہ ہے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کےلئے قومی شناختی کارڈ پرضلع اورصوبے کی شرط ختم کر دی گئی ہے جس کے تحت پاکستان کا کوئی بھی شہری کسی بھی جگہ سے ڈرائیونگ کےلئے لرنر، لائسنس یا لائسنس کی تجدید کروا سکتا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک مرزا فرحان بیگ کی سربراہی میں سٹی ٹریفک پولیس 24/7 عوام کی خدمت کے لئےکوشاں ہے معاشرتی برائیوں کے خاتمے اورمعاشرے کی اصلاح کےلئے میڈیا اورپولیس لازم وملزوم ہیں صحافیوں اورانکے اہلخانہ کو سروسز کی فراہمی کےلئے ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں الگ کاؤنٹر قائم کیاجائے گاجبکہ صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کےلئے ای ٹیسٹ اور ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت بھی پریس کلب میں دی جائےگی اس مقصد کےلئے سٹی ٹریفک پولیس کی”پولیس موبائل خدمت مرکز“ کو پوری طرح فعال کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز راولپنڈی پریس کلب میں پولیس موبائل خدمت مرکزکے تحت صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کے لئے لرنرز،ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور لائسنس کی تجدید کےلئےلگائےگئےکیمپ کےدورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔ اس موقع پر انچارج راولپنڈی پریس کلب شکیلہ جلیل اورممبر گورننگ باڈی بابرملک کے علاوہ انچارج لائسنسنگ برانچ انسپکٹر عدنان مہر،ان کی ٹیم صفوان ظہور،محمد ثاقب اورسٹی ٹریفک پولیس کے ترجمان کاشف سروش بھی موجود تھے۔سی ٹی او نےکہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایات پر ضلع راولپنڈی میں لائسنسنگ سروس24/7 کام کر رہی ہے جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت ٹیکسلا اورگوجرخان میں بھی شروع کردی گئی ہےجبکہ ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں 3شفٹوں میں 24گھنٹے لائسنسنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے پولیس موبائل خدمت مرکز کے اجرا کو آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی ٹریفک کا ایک احسن قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ موبائل وین سروس سے جہاں پر شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت ان کی دہلیزپرفراہم کی جارہی ہے وہیں پر شہریوں میں ٹریفک قوانین بارے شعور اجاگر کرنے میں سٹی ٹریفک پولیس بھرپور کردار اداکر رہی ہے۔صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کےلئے انہوں نےکہا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ مصروفیات کے پیش نظر ان کی سہولت کےلئے سٹی ٹریفک ہیڈکوارٹر میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لئے الگ کاؤنٹر قائم کیا جائے گا جہاں صحافی اوران کے اہل خانہ لائسنسنگ سمیت ٹریفک پولیس سے متعلقہ تمام امور سے استفادہ کر سکیں گے۔















