کراچی(اے بی این نیوز) آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میچ کے دوران کینگروز کھلاڑیوں کی جلد بازی ،ایمپائر کا فیصلہ تبدیل کرنے پر کھلاڑی خفا ہوگئے۔ذرائع کے مطابق دلچسپ صورتحال اس وقت پیش آئی جب کیمرون گرین کی گیند پر آخری بھارتی بیٹر محمد سراج کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا تو انھوں نے ریویوکا سہارا لے لیا،اس دوران ہی آسٹریلوی فیلڈرز پورے اعتماد کے ساتھ ڈریسنگ روم کی جانب چل پڑے کہ فیصلہ ان کے حق میں ہی آئے گا، تاہم ری پلے میں سامنے آیا کہ گیند بیٹ کو چھوکر گئی تھی۔فیلڈ امپائر کا فیصلہ تبدیل ہونے پر خفگی کا شکار کینگروز میدان میں واپس آگئے، اس دوران اوول میں قہقہے گونجتے رہے، مزید 5گیندوں میں 2رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ محمد شامی(13)مچل اسٹارک کی بال پر وکٹوں کے پیچھے ایلکس کیری کو کیچ دے بیٹھے، محمد سراج بغیر کھاتہ کھولے ناٹ آؤٹ رہے۔













