اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی بجٹ 2023-24 میں پہلی مرتبہ فلم فنانس فنڈ اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے مجموعی طور پر تین ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پہلی بار فلم فنانس فنڈ اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ فلم فنانس فنڈ کے لئے 2 ارب روپے اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مشترکہ طور پر یہ اقدامات ہماری فلم انڈسٹری کی ترقی اور فنکاروں کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام فلموں کے ذریعے پاکستان کے بیانیے، ورثے اور ثقافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سکرین ٹورازم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔















