کوئٹہ (نیوزڈیسک)کوئٹہ ایئرپورٹ پر فنی خرابی کا شکار ہونے والے قومی ایئرلائنز پی آئی اے کے طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا ۔ مسافر گھروں کو چلے گئے جبکہ پرواز کے منگل کی سہ پہر اسلام آباد روانہ ہونے کی امیدہے۔پی آئی اے کی اسلام آباد کےلیے پرواز کا کوئٹہ سے ٹیک آف فنی خرابی کی بنا پر روکا گیا۔پرواز پی کے 326 پیر کی دوپہر ایک بجے اسلام آباد کےلیے روانہ ہو رہی تھی اور طیارہ رن وے پر 194 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر گیا تو پائلٹ نے فنی خرابی محسوس کرتے ہوئے اچانک ٹیک آف منسوخ کر دیا۔پائلٹ نے ٹریفک کنٹرول کو کاک پٹ میں شیئر ونڈز، تیز ہواؤں اور بریکس گرم ہونے کی نشاندہی کی۔ایئر بس اے 320 طیارہ بغیر کسی مدد کے اپنی پارکنگ تک پہنچا، بعدازاں انجینئرز نے اس کا معائنہ کیا۔ایئرپورٹ حکام نے بتایاکہ طیارے کی اگلی پرواز سی اے اے ایئر وردینیس کی جانب سے کلیئرنس سے مشروط ہونے کی وجہ سے پرواز کی روانگی روک دی گئی۔ایئرپورٹ منیجر ملک مظہر اعوان نے بتایا کہ مسافروں کو طیارے سے آف لوڈ کردیا گیا تھا، بعدازاں انہیں گھروں کو روانہ کر دیا گیا۔















