لاہور ( اے بی این نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور ڈٹ کر ساتھ دیں گے۔ ہمیشہ کوشش رہی کہ فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہوں۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے ساتھ جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے۔انہوں نے کہا کہ فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے، غلط فہمیاں الگ چیز ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہونے چاہییں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس کی اپنی اپنی ایک حیثیت ہے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ اقتدار آنی جانی چیز ہے۔ یہ چیزیں اللہ کے اختیار میں ہوتی ہیں جس کو وہ عزت دے وہ کوئی چھین نہیں سکتا۔چوہدری وجاہت نے جو فیصلہ کیا اس پر کوئی افسوس نہیںانہوں نے کہا کہ چوہدری وجاہت حسین نے جو فیصلہ کیا اس کا کوئی افسوس نہیں۔ میں اور مونس الٰہی اکٹھے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم ان کے بیانیے کو بھی سپورٹ کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمارا ساتھ دیا اور اب ہمارا فرض ہے کہ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہیں۔ یہی ہماری سیاست کا اصول ہے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا ایسے واقعات سیاست میں ہوتے رہتے ہیں۔ 2004 میں بھی میں جب وزیراعلیٰ بنا تو یہ بھول گیا کہ کون میرا مخالف ہے اور کون نہیں۔















