اسلام آباد(نیوزڈیسک) ہلال ِاحمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے صدر مملکت و صدر ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان ِ صدر میں ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دِلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا، ہلالِ احمر پاکستان کی جانب سے انسانیت کی خدمت کیلئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بات چیت بھی ہوئی، صدر ِمملکت و صدر ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعدہلال ِاحمرپاکستان کی جانب سے متاثرین سیلاب کیلئے خدمات کو سراہا۔ چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران ریسکیو، ریلیف، بحالی و تعمیر نو سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان نے لاکھوں متاثرہ گھرانوں کو راشن، فیملی ٹینٹ سمیت گھریلو امدادی سامان، ابتدائی طبّی امداد، پینے کا صاف پانی،علاج معالجہ کی سہولیات، موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے متاثرین کو دہلیز پر طبّی سہولیات کے علاوہ انتہائی متاثرہ گھرانوں کو نقد مالی مدد بھی دی گئی۔ صدرِ مملکت و صدر ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صفِ اوّل کے انسانی خدمت کے ادارہ ہلالِ احمر پاکستان نے سیلاب متاثرہ گھرانوں کیلئے تاریخی کام کیا ہے۔ ہلال ِاحمر نے لاکھوں متاثرین کی رمضان المبارک میں بھی مدد جاری رکھ کر انسانیت دوستی کی نئی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے ہلال ِاحمر کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں ہلال ِاحمر کی انسانی خدمت کی سرگرمیوں کی تعریف کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔















