راولپنڈی (نیوزڈیسک)سکیورٹی آپریشن کے دوران شہید ہونے والے 2 فوجی جوانوں کو سپرد خاک کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک شعیب علی شہید اور سپاہی رفیع اللہ شہید کی نماز جنازہ جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا اور بعد میں اُن کے آبائی قصبوں میں ادا کی گئی اور دونوں شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں فوجی افسران و جوانوں سمیت سول حکام، عوام اور شہدا کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو کسی بھی قیمت پر ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ ایسی قربانیاں ہی ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔واضح رہے کہ جنوبی وزیر ستان کے ضلع زرملان میں سکیورٹی آپریشن کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔















