اسلام آباد(اے بی این نیوز ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے آپریشن سے متعلق قیاس آرائیاں ہیں، دہشتگردی کے خلاف کوئی نیا آپریشن شروع نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ آج قومی سلامتی سے متعلق سیشن بہت مثبت تھا، دہشتگردی کے خلاف آپریشن جاری ہیں اور جاری رہیں گے، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عمل درآمد کرنے پر بات ہوئی ہے، قومی ایکشن پلان اس وقت اتنا فعال نہیں جتنا 2013-14 میں تھا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم او نے بریفنگ دی، اس ہال میں پہلے بھی بریفنگز دیکھیں اور سنیں، آج کی بریفنگ بہت متاثر کن تھی جو پہلے نہیں دیکھی، آج پارلیمنٹ کو بہت تقویت ملی ہے۔















