اسلام آباد( اے بی این نیوز )قومی سلامتی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’ہمیں نئے اور پرانے پاکستان کی بحث کو چھوڑ کر ’ہمارے پاکستان‘ کی بات کرنی چاہیے۔جمعہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’عوام کے منتخب نمائندے منزل کا تعین کریں اور فوج پاکستان کی ترقی اور کامیابی کے سفر میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔‘
سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی صدارت میں جمعے کو قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تمام وفاقی وزرا، وفاقی مشیران اور ممبران قومی اسمبلی کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔اجلاس میں عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’ملک میں مستقل قیامِ امن کے لیے سکیورٹی فورسز مستعد ہیں، اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہیں۔‘آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’اس وقت پاکستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں رہا، یہ کامیابی شہدا اور غازیوں کی بڑی تعداد کی قربانیوں سے حاصل ہوئی ہے۔‘آرمی چیف نے کہا کہ ’80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دی گئیں جن میں 20 ہزار سے زائد غازیوں اور 10 ہزار سے زائد شہدا کا خون شامل ہے۔‘قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق اجلاس میں وفاقی سیکرٹریز داخلہ، خارجہ، فنانس، دفاع اور اطلاعات و نشریات کو شرکت کی دعوت دی گئی۔اجلاس میں چاروں صوبائی وزرا اعلٰی کو خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اجلاس میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
نئے اور پرانے پاکستان کی بحث چھوڑ کر ’ہمارے پاکستان‘ کی بات کریں، آرمی چیف















