اسلام آباد(اے بی این نیوز)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران اوور لوڈنگ اور اوور چارجنگ کرنے والے پبلک ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیوں کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا ، خلاف ورزی پر لائسنس منسوخی، موٹر وے پر داخلہ بند کرنے اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے اس حوالے سے ایک وڈیو پیغام کے ذریعے ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالکان اور عملہ کو پیشگی خبردار کر دیا ہے۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ عید کے ایام میں رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹر من مانیاں کرتے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جائے گی – تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور عملہ کو آگاہ کیا جارہا ہے کہ گنجائش سے زائد سواریاں بٹھانے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کی دو سے تین مقامات پر چیکنگ ہو گی ، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی ہو گی۔ زیادہ سواریاں بٹھانے والوں کا موثر وے پر داخلہ روکنے ، جرمانے اور ڈرائیور کے لائسنس منسوخ کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔موثر وے پولیس کی طرف سے مسافروں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ رش سے بچنے کے لئے پہلے سے سیٹ بک کرالیں، زیادہ کرایہ یا کسی اور خلاف ورزی کی صورت میں موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دیں، موٹر وے پولیس آپ کی مدد کے لئے ہمہ وقت موجود ہے۔















