واشنگٹن ( اے بی این نیوز )امریکی میگزین ٹائم کے تازہ شمارے کے سرورق پرعمران خان براجمان ہیں اور اندر کے صفحات پر ان کے بارے میں ایک طویل مضمون چھپا ہے،زیادہ اہم بات یہ ہے کہ میگزین نے عمران خان کے بارے میں لکھا کیا ہے؟ اس مضمون میں کہا گیا ہے کہ عمران خان ابھی بھی امریکا کو اپنی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں اور اپنی زندگی کو خطرات لاحق دیکھتے ہیں ۔ وہ معاشی مسائل کے دیرپا حل کی بات کرتے ہیں۔ ان کے خیال میں کرکٹ کو استعمال کر کے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کرونا کے دور میں کامیابی کی وجہ حکومت اور فوج کے ایک صفحے پر ہونے کو قرار دیا۔عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بارے میں یہ کہا گیا ہے صرف ایک حملہ آور تھا حالانکہ وہ اور ان کی جماعت ایک سے زیادہ حملہ آوروں کی موجودگی کا دعویٰ کرتے رہے ہیں ۔اگر دوبارہ الیکشن ہوتے ہیں تو عوامی حمایت کے بل بوتے پر وہ دوبارہ اقتدار میں آ سکتے ہیں تاہم حکومت ان کے مطالبے پر کان دھرتی نظر نہیں آتی جس کے نتیجے میں کھینچا تانی کی فضا لمبےعرصے تک برقرار رہ سکتی ہے۔ امریکا کی نظر میں شاید وہ ایک مناسب شخص نہیں ہیں جو پاکستان جیسے ایک غریب اور جارح مزاج اسلامی ملک کا نظام سنبھال سکیں۔ عمران خان نے اس بات سے اتفاق کیا کہ کوئی ایک شخص ملک کو اکٹھا نہیں رکھ سکتا۔ وہ اس بات پر شاکی نظر آئے کہ انہیں میدان سے باہر کرنے کی کوشش ہو رہی ہے مگر ان کے حامی ایسی کوششوں کی مزاحمت کر رہے ہیں۔میگزین کے مطابق عمران خان اپنے الفاظ کو بَلے کی طرح جارحانہ انداز میں استعمال کرتے ہیں ۔ پاکستان کے معاشی مسائل کا آغاز عمران خان کے دور حکومت میں ہی ہوا ۔ انہیں بار بار وزرائے خزانہ بدلنے پڑے، انتہا پسندوں کے سامنے جھکنا پڑا جب عاطف میاں کی تعیناتی واپس لی گئی، آئی ایم ایف نہ جانے کے دعو ؤں پر یو ٹرن لیا مگر انتظامی نااہلی نے حالات دگرگوں کر دیے ۔ پاکستان میں ٹیکس اور صنعتی شعبے میں بنیادی اصلاحات کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے بلکہ قرضوں پر انحصار جاری رکھا گیا۔ عمران خان نے انٹرویو میں اس کا الزام بھی امیر طبقے پر دھرا جو ان کے بقول ٹیکس دینے کی بجائے سرمایہ ملک سے باہر منتقل کر دیتے ہیں۔میگزین نے سابق وزیر اعظم کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو بھی شامل کیا جس میں انہوں نے اقتدار واپس لینے کی خواہش پر بات کی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جہاں ان کے حامی صارفین کافی خوش دکھائی دے رہے ہیں وہیں کچھ صارفین اس تجسس میں ہیں کہ ٹائم میگزین میں شائع ہونے والے مضمون میں آخر ہے کیا.ٹائم میگزین میں شائع مضمون کے مطابق عمران خان نے اپنے ڈاؤن فال کا ذمہ دار امریکی سازش کو قرار دیا ہے لیکن ’اصل سازش خالصتاً پاکستانی ہے۔‘ مضمون میں مزید لکھا گیا ہے کہ واشنگٹن اب چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی وجہ سے ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ترجیح دیتا ہے، اس نے افغانستان سے امریکی انخلا کو اس کی ایک اہم وجہ قرار دیا۔















