اسلام آباد( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں پر انتخابات ہونے چاہئیں،سپریم کورٹ کا فل بنچ بنایا جائے جو یہ کیس سنے یہ فیصلہ سب کو قبول ہوگا۔بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر ملک کی سیاسی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو اس وجہ سے معاشی بحران بھی ہے،دوسری طرف سیاسی اور اب آئینی بحران بھی پیدا کرنے کی کوشش ہورہی ہے،گزشتہ روزجو فیصلہ آیا یہ سات رکنی بنچ بنا اور آخر پھر تین رکنی بنچ نے فیصلہ دیا،یہ انوکھا فیصلہ تھا جس سے واضح ہے کہ ترازو کے پلڑے برابر نہیں ،جو فیصلہ آیا تواس میں پنجاب میں 90 دن میں الیکشن دینے کی بات کی گئی اور کے پی کے کو چھوڑدیا گیا۔اگر 14 مئی کو الیکشن ہوتا ہے تو اکتوبریا نومبر میں جب قومی اسمبلی کا الیکشن ہوگا تو یہاں کا وزیر اعلی اس پر اثرانداز نہیں ہوگا،انتظامیہ اس کے پاس ہوگی اور ترقیاتی فنڈز بھی ہوں گے۔تو وہ اس کو استعمال کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک طویل عرصہ کے اس وقت ڈیجیٹل مردم شماری ہورہی ہے،ہونا یہ چاہئے تھا کہ 30 اپریل کو یہ مکمل ہوگی،یکم مئی کو اس کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوادے گا،چار ماہ میں نئی حلقہ بندیاں ہوجائیں گی۔ نیسلے ٹاور سمیت کئی سوموٹو ایکشن لئے گئے۔یہ ٹاور زمیں بوس کردیا۔عوام کے سامنے یہ سوال اٹھتا ہے کہ پھر بنی گالا کو کیسے ریگولر کیا گیا۔انہوں نے کہا یہ ایوان گزشتہ سال اپنے آئینی اور قانونی حق کو استعمال کرتے ہوئے عدم اعتماد لائی گئی اور پورے پاکستان کے عوام گواہ ہیں کہ اس ایوان میں گھنٹوں انتظار کیا اوررات کو یہاں ڈپٹی سپیکر آئے اور پارلیمان کے ارکان کے حق کو روند کر اسمبلی اجلاس ملتوی کردیا۔پھر رات گئے اسمبلی توڑ دی گئی۔اس آئین شکنی پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے تھا،ایک طرف آئین قانون اور جمہوریت کی بات کرتے ہیں اور عمل اس کے برخلاف ہوتا ہے۔عمران خان یہاں پریڈ گرائونڈ میں اپنے خلاف عدم اعتماد کو امریکی سازش قرار دیا اور دوسری طرف اس کے سفیر سے ملاقاتیں اور امریکن فرم کی خدمات لی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے اداروں سے ملازمین نکالے،پچاس لاکھ گھربنانے کی بات پر عمل نہیں ہوا۔300 ڈیم بنانے کی بات کا نتیجہ صفر رہا۔ایم کیوایم کو اپریل 2016 میں ایم کیو ایم کی اعلی قیادت پر 22 مقدمات بنائے گئے۔عامر خان،کنور یونس، خواجہ اظہار کو دہشت گرد ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔بعد ازاں یہ ضمانتوں پر رہا ہوئے۔وزیر ہوابازی نے یہاں پی آئی اے کے انجینئروں کو اس ایوان میں جعلی ڈگری کا حامل قراردیا۔اس کو عمران خان نے شاباش دی اس سے پوری دنیا میں پاکستان کی سبکی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں کراچی کے نتائج 72 گھنٹے بعد آئے اور 14 نشستیں ایم کیویم کی تھیں جو تحریک انصاف کو دی گئیں ہم ہر فورم پر گئے کہ مسترد ووٹ دوبارہ گنے جائیں۔لیکن انصاف نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فل کورٹ بنایا جائے اس کا فیصلہ منظور ہوگا یہ اجتماعی دانش ہوگی اس سے ملک کی بہتری ہوگی۔انصاف کیا جائے اور یہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہئے۔















