اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وزیر خارجہ و پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ افتخار چوہدری نے سپریم کورٹ میں آمریت قائم کی۔ پاکستان کی تاریخ میں جمہوری اور آئینی بحران دیکھا ہے، عوام مہنگائی اور بے روزگاری کا مقابلہ کر رہے ہیں، کچھ ہمارے اپنے فیصلوں کی وجہ سے ہے۔ لوگ سابق نالائق وزیراعظم کی وجہ سے بھی مہنگائی اور بے روزگاری کا مقابلہ کر رہے ہیں۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحادی ایک اور چیف جسٹس افتخار چوہدری کو بھول جاتے ہیں جس نے اس ملک پر عدالتی آمریت قائم کی، اس کا مقصد جمہوریت کو نقصان پہنچانا اور ہائبرڈ نظام قائم کرنا تھا۔ ہم نے میثاق جمہوریت کی بدولت این ایف سی ایوارڈ اور خیبرپختونخوا کو شناخت دی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جمہوری عدم اعتماد کے جواب میں اسپیکر اور صدر نے آئین توڑا، وزیراعظم صاحب اگر آئین توڑا گیا ہے تو کیس قائم کرنا چاہیے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ شرافت سے سیاست کرنا چاہتے ہیں مگر آئین ٹوٹنے پر شریف نہیں رہیں گے، سابق آرمی چیف نے تسلیم کیا اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت کرتی رہی ہے، 70 سال میں ایک پورا متوازی نظام بن چکا ہے، ایک سیاسی کلاس ہے جس کا مستقبل صرف آمرانہ نظام ہے۔















