اسلام آباد(نیوزڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انضمام شدہ فاٹا اضلاع میں دوران سحروافطار لوڈ شیڈنگ پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے تمام قبائلی اضلاع میں سحر و افطار کے دوران لوڈ شیڈنگ پر مکمل پابندی کے احکامات جاری کر دیئے،قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے آج وزیر اعظم شہباز شریف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں سابق فاٹا اضلاع کے مسائل بالخصوص ترقیاتی فنڈز کے اجراء اور بدترین لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ایاز صادق، وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری و دیگر شریک تھے۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے قبائلی اضلاع میں عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انضمام کے بعد بھی قبائلی اضلاع بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور تعمیر و ترقی کی رفتار سست ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کے اجراء میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے تمام ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے قبائلی اضلاع کے عوام رمضان المبارک میں شدید تکلیف میں ہیں۔ ساجد حسین طوری نے وزیراعظم شہباز شریف پر زور دیا کہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کیا جائے اور سحر و افطار کے دوران لوڈ شیڈنگ پر مکمل پابندی لگائی جائے۔ سیکرٹری پاور نے اجلاس کو مطلع کیا کہ رمضان المبارک کے دوران تمام قبائلی اضلاع میں سحر و افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی اور بجلی کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ کیا جائے گا۔ ملاقات میں فاٹا کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کے جلد از جلد اجراء پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور وزیراعظم نے قبائلی اضلاع کے اراکین کو یقین دلایا کہ فنڈز جلد از جلد جاری کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ، وزارت بجلی و پانی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور تمام متعلقہ اداروں کو قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کرنے اور تمام مسائل کا جلد حل تلاش کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے بعد قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور اراکین اسمبلی پر مشتمل گرینڈ جرگہ وزیراعظم سے ملاقات کرے گا جس میں عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت ہو گی اور اہم فیصلے کیے جائیں گے۔















