لاہور(اے بی این نیوز )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مفت آٹا سینٹرز کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا۔محسن نقوی نے ایمرجنسی، کڈنی اور دیگر وارڈز میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا، اس موقع پر مریضوں نے مفت ادویات نہ ملنے کی شکایات کیں۔محسن نقوی نے ہسپتال میں نجی تعاون سے بنائے گئے ہارٹ سینٹر کا بھی دورہ کیا اور علاج معالجے کی سہولتوں کو سراہا، بعض مریضوں نے علاج معالجے کی سہولتوں کے فقدان کے بارے میں شکایات کیں، محسن نقوی نے مریضوں کی شکایات نوٹ کیں اور ہسپتال انتظامیہ کو فوری ازالے کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ جیسے بڑے شہر کے سرکاری ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت کا نہ ہونا افسوسناک ہے، ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت فوری شروع ہونی چاہئے۔















