اسلام آباد(اے بی این نیوز) سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو امدادی رقوم کی ترسیل کے حوالے سے رپورٹ منگوالیں۔ پیرکو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مولانا عبدالاکبرچترالی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ اب تک 3 صوبوں سے این ڈی ایم اے کو ڈیٹا مل گیا ہے، دو صوبوں سے ڈیٹا آنا باقی ہے، صوبوں کی طرف سے کافی حد تک لوگوں کو امداد دے دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکانات کےلئے 5 لاکھ روپے اور جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کےلئے اڑھائی لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے، تمام صوبوں سے تفصیلات آنے کے بعدیہ کام مکمل کیاجائے گا، خیبرپختونخوا میں فصلوں کے نقصانات کے ازالے کےلئے 10ہزار روپے کی رقم ادا کردی ہے۔ ایک اورضمنی سوال کے جواب میں مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 74 ارب سے زائد رقم ادا کی ، 118 جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 115 کے لواحقین کو10 لاکھ روپے کی رقم ادا کردی گئی ہے۔ سپیکر نے وزیر پارلیمانی امور کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو امداد کے حوالے سے متعلقہ اضلاع سے رپورٹ منگوالیں۔















