اسلام آباد(اے بی این نیوز)آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی، اس ضمن میں وزارت اطلاعات 10 مارچ سے مضبوط میڈیا مہم شروع کرے گی۔ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے پارلیمانی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو سینیٹر میاں رضا ربانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 1973ءکے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریوں سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دینے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کمیٹی کو سرکاری محکموں کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ممبر ایڈوائزری کمیٹی سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے تقریبات کے بارے میں عوام میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے میڈیا کے کردار کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں کہا کہ گولڈن جوبلی تقریبات کی عوام میں پذیرائی بڑھانے کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں میڈیا کو گولڈن جوبلی تقریبات کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کی تیاریوں کو آسان بنانے کے لئے تمام سرکاری محکموں کو واضح ہدایات جاری کی جائیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت اطلاعات و نشریات آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے 10 مارچ 2023ءسے شروع ہونے والی ایک مضبوط میڈیا مہم چلانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ رکن قومی اسمبلی مہناز اکبر عزیز نے کمیٹی کی پیشرفت کو سراہا اور بچوں کے لئے آئین سے متعلق کتابچہ مرتب کرنے کی تجویز دی۔ رکن قومی اسمبلی آسیہ عظیم نے کہا کہ آئین کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائیں کہ بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پروگرامز کو ٹیلی وژن پر کثرت سے نشر کیا جائے۔ کمیٹی نے گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے مزید اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی نے ارکان کو گولڈن جوبلی کی تقریبات سے متعلق ذمہ داریاں بھی تفویض کیں۔















