اسلام آباد (اے بی این نیوز) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خون کے کینسر کی ایک قسم ملٹیپل مائیلوما (Multiple Myeloma میں مبتلا رہے ہیں اور تاحال علاج کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شفقت امانت علی رواں ماہ 28 نومبر کو کراچی میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے اپنے کنسرٹس اور صحت سے متعلق اہم باتیں شیئر کیں۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ کنسرٹ کی تیاری اور ریہرسل کے لیے انہیں کافی وقت لگا کیونکہ وہ زندگی کے ایک انتہائی مشکل دور سے گزر رہے تھے۔ اس صورتحال نے نہ صرف انہیں بلکہ ان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کو بھی شدید متاثر کیا، جبکہ انہوں نے اپنی بیماری کی بات بعض دوستوں سے بھی چھپائے رکھی۔
شفقت امانت علی نے بتایا کہ انہیں ملٹیپل مائیلوما نامی کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جو ان کے لیے ایک انتہائی مشکل مرحلہ تھا۔ تاہم ان کے مطابق بون میرو بائیوپسی کی تازہ رپورٹ کلیئر آئی ہے، لیکن علاج ابھی مکمل نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں اب اسٹیم سیل تھراپی (Stem Cell Therapy) کے عمل سے گزرنا ہے۔ آٹو ٹرانسپلانٹ ہونے تک وہ ادویات استعمال کر رہے ہیں، جنہیں انہوں نے ہلکی کیموتھراپی سے تشبیہ دی۔ گلوکار کے مطابق وہ ہر ہفتے اس علاج کے مرحلے سے گزرتے ہیں۔
شفقت امانت علی کا کہنا تھا کہ اب ان کی صحت میں بہتری آ چکی ہے اور وہ دوبارہ موسیقی کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ شفقت امانت علی پاکستان سمیت بھارت میں بھی اپنی منفرد آواز اور گائیکی کے باعث شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے بالی وڈ فلموں کے لیے بھی متعدد مقبول گانے گائے، جن میں ’متوا‘، ’تیرے نینا‘، ’بن تیرے‘، ’تیری جھکی نظر‘ اور ’آنکھوں کے ساگر‘ سمیت کئی مشہور گیت شامل ہیں۔
مزید پڑھیں :ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟















