اسلام آباد (اے بی این نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے وفاقی پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے 500 ملین ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اس مالی معاونت کا مقصد پنشن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو کنٹرول کرنا، مالیاتی شفافیت بہتر بنانا اور قومی بجٹ پر دباؤ کم کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وفاقی پنشن اخراجات مالی سال 2016 سے تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں اور اب سالانہ ایک ٹریلین روپے سے تجاوز کر گئے ہیں، جس کے باعث حکومتی مالی وسائل پر دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اے ڈی بی کی جانب سے منظور کردہ قرض پنشن اصلاحاتی پروگرام کے پہلے مرحلے میں استعمال کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت موجودہ غیر فنڈڈ پنشن نظام کو بتدریج کنٹریبیوشن پر مبنی نئے پنشن نظام میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔نئی اسکیم کے تحت جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی سول ملازمین کے لیے پنشن فنڈ میں حصہ ڈالنا لازمی ہوگا، جس میں ملازمین کے ساتھ حکومت بھی اپنا حصہ جمع کرائے گی۔
اس سے قبل پنشن کی ادائیگیاں مکمل طور پر سالانہ سرکاری بجٹ سے کی جاتی تھیں، جس کے باعث مستقبل میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن کی ذمہ داریاں مسلسل بڑھ رہی تھیں۔اے ڈی بی کی مالی معاونت سے پنشن کے انتظامی نظام کو ڈیجیٹل بنانے، مالی شفافیت بڑھانے اور پنشن وصول کرنے والوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان کے لیے اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین کے مطابق پاکستان نے وفاقی پنشن نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جبکہ بینک کی معاونت سے ان اصلاحات کو مستقل بنیادوں پر نافذ کرنے میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق پنشن اخراجات میں بہتری اور بچت سے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے دیگر شعبوں کے لیے اضافی مالی وسائل پیدا کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: آج بروز بدھ 18 نومبر صرافہ بازار میں سونے کی تازہ ترین قیمت















