تامل ناڈو ( اے بی این نیوز)تامل موسیقی کی دنیا کے معروف گلوکار کرشناراج 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر تامل فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والے فنکاروں اور موسیقی کے مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے نے بھی ان کی موت کو افسوسناک قرار دیا۔
کرشناراج راماسامی جمعرات کو چنئی میں انتقال کر گئے۔ ان کا انتقال ایسے وقت میں ہوا ہے جب تامل فلمی موسیقی کی دنیا پہلے ہی سوگوار ہے۔ معروف موسیقار دیوا 17 اکتوبر جبکہ ان کے بھتیجے اور اداکار کارتھک سبیش 20 اکتوبر کو چل بسے تھے۔ کرشناراج اور دیوا نے ایک ساتھ کئی یادگار گیت پیش کیے تھے۔
گلوکارہ انورادھا سری رام نے چنئی میں کرشناراج کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ اداکار سرتھ کمار نے بھی گلوکار کے ساتھ گزری یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ کرشناراج نے اپنے کیریئر کے دوران 300 سے زائد گیت ریکارڈ کرائے۔
کرشناراج نے موسیقی کی دنیا میں آنے سے پہلے کپڑا بُننے کا کام کیا۔ بعد ازاں انہوں نے موسیقی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اور مختلف ساز بجانا سیکھے۔ فلمی دنیا میں موقع حاصل کرنے کی کوششوں کے دوران وہ موسیقی کے گروپوں کے ساتھ گاتے رہے۔
1990 کی دہائی میں انہیں نمایاں کامیابی ملی، جس کے بعد کرشناراج اور دیوا کی جوڑی نے 2000 کی دہائی تک متعدد مقبول گیت پیش کیے۔ ان کے مشہور گیتوں میں 1997 کی فلم ’’پورکالم‘‘ کا گانا ’’تھنجاوورو مانو ایڈتھو‘‘ بھی شامل ہے، جسے آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔
کرشناراج کے انتقال پر گلوکارہ چنمئی، سجاتھا موہن، انورادھا سری رام اور دیگر فنکاروں نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے .
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے دینے کا اعلان















