اہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے دینے کا اعلان

اسلام آباد ( اے بی این نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کاموں کے لیے 160 ارب روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبے کو تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی اور ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل کے مشران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی عمائدین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی اضلاع کے عمائدین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام ضروریات پوری کی جائیں گی جبکہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے گورنر اور چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ قبائلی اضلاع کی ضرورت کے مطابق گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


وزیراعظم کے مطابق اجلاس میں قبائلی اضلاع میں گندم کی فراہمی، پولیس کی تربیت اور سیف سٹی منصوبے پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سیف سٹی منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیراعظم نے کوہستان اسکینڈل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں 37 ارب روپے کا فراڈ کیا گیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت دن رات محنت کرکے خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے حقوق دلائے گی۔

اس سے قبل اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اگر کوئی جماعت ملک دشمنی پر اتر آئے تو حکومت خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ خون ریزی مزید برداشت نہیں کی جا سکتی، اسی مجبوری کے تحت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا گیا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کے تعاون سے خیبر پختونخوا میں امن، خوشحالی اور ترقی کا دور واپس لانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

دوسری جانب قبائلی مشران نے امن کے قیام کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔
مزید پڑھیں‌:علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی خبر پر بیرسٹر گوہر کا اہم بیان سامنے آگیا

متعلقہ خبریں