اسلام آباد ( اے بی این نیوز)پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری، تلاش اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آگئی، دو روزہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوران 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ منرلز انویسٹمنٹ فورم کے اختتام پر حکام نے بتایا کہ پاکستان کے معدنی وسائل میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے، تاہم سیکیورٹی چیلنجز بدستور ایک اہم مسئلہ ہیں۔
پاکستان کے معدنی شعبے میں اہم پیش رفت
چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی تلاش کے لیے آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔
منرلز انویسٹمنٹ فورم میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی عالمی مائننگ اور سرمایہ کاری کمپنیوں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ https://t.co/mzQkhPxy4p— kashif kiani (@kianikash) November 12, 2026
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور فورم کے صدر احمد حیات لک کے مطابق طے پانے والے معاہدوں میں معدنی ذخائر کی تلاش، سرمایہ کاری، ارضیاتی سروے اور موجودہ کان کنی کے لائسنسز سے متعلق امور شامل ہیں۔ بعض معاہدوں کے نتیجے میں نئے ٹھیکے بھی دیے جاسکتے ہیں۔
فورم میں یورپی یونین، کینیڈا، امریکا اور چین سمیت مختلف ممالک کی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر برطانیہ اور جرمنی کے ساتھ پاکستان کے ارضیاتی سروے کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے معاہدے بھی کیے گئے۔
احمد حیات لک کا کہنا تھا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے قانونی اور انتظامی نظام کو یکساں اور مؤثر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کے لیے اصل چیلنج معدنی وسائل کو عملی ترقیاتی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال فورم میں نمائش کا رقبہ گزشتہ سال کے مقابلے میں چار گنا بڑھ گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ پاکستان سے صرف خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے ملک میں ان کی صفائی، تیاری اور پراسیسنگ کی صنعتیں قائم کی جائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معدنیات کی تلاش، پراسیسنگ اور تیار مصنوعات کی تیاری پاکستان ہی میں ہونی چاہیے تاکہ عالمی منڈیوں میں تیار مصنوعات برآمد کرکے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سرمایہ کاروں، ملازمین اور معدنیاتی منصوبوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
فورم کے دوران ریکوڈک منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیرک مائننگ کے عالمی چیئرمین جان تھورنٹن نے بھی دو روزہ فورم میں شرکت کی۔
احمد حیات لک کے مطابق بیرک مائننگ اور پاکستان ریکوڈک منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنے وسیع معدنی ذخائر کو غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے، تاہم بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بدستور ایک بڑا چیلنج ہیں۔
مزید پڑھیں:پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین نے ماسکو میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا















