اہم خبریں

حکومت نے راست QR ادائیگیوں پر سبسڈی میں توسیع کردی

کراچی (اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کے کیش لیس پاکستان انیشی ایٹو کے تحت کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے راست (Raast) QR ادائیگیوں پر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (MDR) چارجز کی سبسڈی میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کراچی میں پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے ہیڈ کوارٹر میں بینکنگ ایگزیکٹوز سے ملاقات کے دوران اس فیصلے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، راست اور کار انداز کے حکام نے بھی شرکت کی۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق وزیراعظم نے ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور کیش لیس معیشت کے قیام کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت QR کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں پر کاروباری اداروں سے وصول کیے جانے والے مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ چارجز کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔

اجلاس میں کیش لیس پاکستان انیشی ایٹو کے تحت ہونے والی پیش رفت اور مالی سال 2026 کے اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر مملکت نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ وہ بینکوں کے چیف ڈیجیٹل افسران، راست اور کار انداز کے سربراہان سے مشاورت کرکے وزیراعظم کی کیش لیس کمیٹی کے لیے نئی سفارشات تیار کرے۔

ان سفارشات میں ڈیجیٹل ادائیگیوں، خصوصاً QR کوڈ کے استعمال کو آسان بنانے، صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے اور ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات شامل ہوں گے۔ حکومت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید وسعت دینے کے لیے کارکردگی کے نئے اہداف متعارف کرانے اور موجودہ اہداف پر نظرثانی کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے بلدیاتی ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن فوری ادا کرنے کا حکم

متعلقہ خبریں