ابوجا (اے بی این نیوز) نائجیریا میں جاری پولو ورلڈ کپ کے زون ای کوالیفائرز میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 4-7 سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی پولو ٹیم نے بھارت کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کے مقابلے میں 7 گول سے کامیابی حاصل کی۔ یہ کوالیفائرز میں پاکستان کی مسلسل دوسری فتح ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے اپنے افتتاحی مقابلے میں ایران کو شکست دی تھی۔
دو میچوں میں مسلسل دو کامیابیوں کے بعد پاکستان نے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔ بھارت کے خلاف کامیابی کو پاکستانی ٹیم کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان اب اتوار کو اپنے آخری کوالیفائنگ میچ میں میزبان نائجیریا کے مدمقابل ہوگا۔
اس مقابلے کے نتیجے سے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ ہوگا۔پاکستانی پولو ٹیم کی مسلسل فتوحات نے شائقین کی امیدیں بڑھا دی ہیں، جبکہ نائجیریا کے خلاف کامیابی قومی ٹیم کو پولو ورلڈ کپ میں رسائی کے مزید قریب لے جائے گی۔
مزید پڑھیں: محصولات کا دباؤ یا انتظامی اصلاحات؟ ایف بی آر میں 54 افسران کے تبادلے اور تقرریاں















