اہم خبریں

شارجہ کے حکمران کا شہریوں کے لیے بڑا ریلیف، شادی اور فرنیچر گرانٹ 60 ہزار درہم ہوگئی

شارجہ (اے بی این نیوز) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے شہریوں کے لیے شادی اور گھریلو فرنیچر کی سرکاری گرانٹس میں اضافے کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت اہل اماراتی شہریوں کو مجموعی طور پر 60 ہزار درہم کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

امارات نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق، نئے فیصلے کے تحت شادی کی گرانٹ 30 ہزار درہم جبکہ فرنیچر کی مد میں مالی معاونت بھی بڑھا کر 30 ہزار درہم کردی گئی ہے۔ اس طرح دونوں گرانٹس کی مجموعی مالیت 60 ہزار درہم ہوگئی ہے۔ نئی گرانٹس کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔

شارجہ کے حکمران نے مالی معاونت کے حصول کے لیے آمدنی کی حد میں بھی تبدیلی کی ہدایت کی ہے۔ نئے معیار کے مطابق اب ایسے درخواست گزار بھی گرانٹس کے اہل ہوں گے جن کی ماہانہ آمدنی 50 ہزار درہم سے کم ہے۔آمدنی کی حد میں یہ تبدیلی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں حالیہ اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

حکام کے مطابق شادی اور فرنیچر گرانٹس میں اضافے کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی اور گھریلو اخراجات کے باعث خاندانوں پر پڑنے والے مالی دباؤ کو کم کرنا ہے۔ اس اقدام سے نوبیاہتا جوڑوں کو نئی زندگی شروع کرنے اور گھروں کو ضروری فرنیچر سے آراستہ کرنے میں مدد ملے گی۔یہ فیصلہ شارجہ حکومت کی جانب سے خاندانی بہبود، سماجی استحکام اور شہریوں کو مالی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کا حصہ ہے۔
مزیدپڑھیں: بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

متعلقہ خبریں