اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں سوزوکی آلٹو 660 سی سی کی قیمت میں 4 لاکھ 60 ہزار روپے کمی کی خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، تاہم پاک سوزوکی نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی قیمت میں کمی کا اعلان نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نئی آٹو پالیسی کے تحت سوزوکی آلٹو کی قیمت میں 460,000 روپے کی کمی کردی گئی ہے، جس سے گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
تاہم کمپنی سے رابطے کے بعد واضح کیا گیا ہے کہ پاک سوزوکی نے آلٹو کی قیمت میں 4 لاکھ 60 ہزار روپے کمی کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر درست نہیں بلکہ گمراہ کن ہے۔نئی آٹو پالیسی کے تحت آلٹو کتنی سستی ہوسکتی ہے؟
حکومت کی جانب سے 7 نومبر 2026 کو اعلان کردہ نئی آٹو موٹیو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-31 کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے حوالے سے مختلف تخمینے سامنے آرہے ہیں۔آٹو مارکیٹ کے ابتدائی اندازوں کے مطابق سوزوکی آلٹو کی قیمت تقریباً 32 لاکھ روپے سے کم ہوکر 28 لاکھ 45 ہزار روپے تک آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس طرح گاڑی کی قیمت میں تقریباً 3 لاکھ 55 ہزار روپے یعنی 11 فیصد کمی ہوسکتی ہے۔تاہم یہ اعدادوشمار مجوزہ پالیسی کے ممکنہ اثرات پر مبنی تخمینہ ہیں، پاک سوزوکی کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتیں نہیں۔
گاڑیوں کی قیمتیں کب کم ہوں گی؟نئی آٹو پالیسی کے تحت آئندہ پانچ سال کے دوران درآمدی ڈیوٹی اور ٹیرف میں مرحلہ وار کمی کی جائے گی، جس کا مقصد گاڑیوں کی پیداواری لاگت کم کرنا، مقامی صنعت کو مضبوط بنانا اور مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
حکومتی پالیسی میں الیکٹرک گاڑیوں کو بھی عام صارفین کی پہنچ میں لانے پر توجہ دی گئی ہے۔تاہم نئی پالیسی کے اعلان سے گاڑیوں کی قیمتوں میں فوری کمی لازمی نہیں۔ کار ساز کمپنیاں پالیسی کے اثرات اور پیداواری اخراجات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی نئی قیمتوں کا تعین کریں گی۔
خریداروں کے لیے اہم ہدایت شہری سوزوکی آلٹو کی قیمت میں 4 لاکھ 60 ہزار روپے کمی کی وائرل خبروں پر یقین کرنے سے پہلے پاک سوزوکی کے سرکاری اعلان اور نئی پرائس لسٹ کی تصدیق ضرور کریں۔ فی الحال کمپنی کی جانب سے ایسی کسی رعایت کا اعلان سامنے نہیں آیا۔
مزیدپڑھیں: سوزوکی نے پاکستان میں GS 150 اور GD 110s موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا















