ممبئی (اے بی این نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ 2027 میں ہونے والا ون ڈے ورلڈ کپ بھارت کی جانب سے ان کا آخری عالمی کپ ہوگا اور ان کا ہدف ٹیم کو عالمی چیمپئن بنوانا ہے۔
ایک نجی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے تیار ہیں۔
37 سالہ ویرات کوہلی اس سے قبل ٹی20 بین الاقوامی اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اب صرف ون ڈے فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
ویرات کوہلی 54 ون ڈے سنچریوں کے ساتھ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر ہیں، جبکہ 14 ہزار 941 رنز کے ساتھ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔
2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ اکتوبر اور نومبر میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ یہ ویرات کوہلی کا پانچواں ورلڈ کپ ہوگا۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں مسلسل کئی میچز کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہے، خصوصاً اس وقت جب مقابلے غیر ملکی حالات میں کھیلے جائیں۔
مزید پڑھیں:ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑا سانحہ، پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید















