اہم خبریں

آزادکشمیر میں نوجوانوں کیلئے آسان شرائط پر لون سکیمیں متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد (اے بی این نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور ہنرمند افراد کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے آسان شرائط پر لون سکیمیں متعارف کروائی جائیں گی، صنعت کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر سیاحت، صنعت و معدنی وسائل عبدالرحمان، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید، صدر اے جے کے بینک بابر ایاز بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بینک کی کارکردگی، مستقبل کے منصوبوں، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ادارے کو مزید فعال و مستحکم بنانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

صدر بینک آف آزاد جموں و کشمیر ایاز بابر نے وزیراعظم کو بینک کی کارکردگی اور مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شیڈولنگ کیلئے سٹیٹ بینک کے تمام لوازمات پورے کرکےدرخواست جمع کروا دی گئی ہے، شیڈول ہونے کے بعد بینک کی خدمات کے دائرہ کار میں مزید وسعت اور مالیاتی شعبے میں اس کے کردار کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم افتخار گیلانی نے ہدایت کی کہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے قرضہ اسکیموں کو مزید آسان، شفاف اور نتیجہ خیز بنایا جائے، بالخصوص نوجوانوں، ہنرمند افراد، چھوٹے کاروبار کرنے والوں اور گھریلو سطح پر روزگار شروع کرنے کے خواہشمند افراد کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مزیدپڑھیں: پاکستان کے تیسرے ٹیسٹ کے لئے 12 ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے

متعلقہ خبریں