اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں سرکاری زمین کے مبینہ غیر قانونی استعمال اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں بے ضابطگیوں کا معاملہ ایک بار پھر زیر بحث آگیا ہے۔ کیبنٹ ڈویژن ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں پارکس، مساجد، اسکولوں اور قبرستان کے لیے مختص زمین کو مبینہ طور پر رہائشی اور کمرشل پلاٹوں میں تبدیل کرکے فروخت کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹرز ای-16 اور ای-17، زون ٹو میں واقع مذکورہ سوسائٹی رجسٹرڈ ہے اور اس کے پاس سی ڈی اے کا منظور شدہ لے آؤٹ پلان اور این او سی موجود ہے۔ تاہم سوسائٹی کے نام، انتظامی معاملات اور نقشے میں مبینہ تبدیلیوں کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوسائٹی میں پارکس، قبرستان، اسکولوں اور مساجد کے لیے تقریباً 400 کنال زمین مختص تھی، جس کا رقبہ مبینہ طور پر کم ہو کر 100 کنال سے بھی کم رہ گیا ہے۔ الزام ہے کہ باقی زمین کو رہائشی اور کمرشل پلاٹوں میں تبدیل کرکے فروخت کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 74 کنال پر مشتمل سب سے بڑے پارک کی زمین بھی مبینہ طور پر رہائشی پلاٹوں میں تبدیل کرکے فروخت کی گئی۔ اسی طرح 2004 کے نقشے میں دکھایا گیا 29 کنال کا قبرستان بھی ختم کرکے اس کی جگہ رہائشی پلاٹ بنائے جانے کا الزام ہے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق پانچ کنال کی مسجد کے لیے مختص جگہ کو بھی مبینہ طور پر کم کرکے ایک کنال تک محدود کر دیا گیا۔ نوٹس میں 74 کنال پارک، چار کنال مسجد، نو کنال اسکول اور 16 کنال قبرستان کی زمین کو رہائشی پلاٹوں میں تبدیل کیے جانے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔
معاملے کا ایک اور اہم پہلو سوسائٹی کا مبینہ طور پر غیر منظور شدہ مارکیٹ نقشہ ہے، جس میں ڈی-17/4 کے علاقے میں 294 پلاٹ دکھائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ پلاٹ سی ڈی اے کے منظور شدہ نقشے میں شامل نہیں ہیں، جبکہ اتھارٹی نئے نظرثانی شدہ پلان کی منظوری دینے سے انکار کر رہی ہے۔
ایسی صورتحال میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر نظرثانی شدہ نقشہ منظور ہی نہیں ہوا تو ان پلاٹوں کی خرید و فروخت کس قانونی بنیاد پر کی جا رہی ہے؟ عوامی سہولیات کے لیے مختص زمین میں تبدیلی کی اجازت کس نے دی اور مبینہ بے ضابطگیوں کا ذمہ دار کون ہے؟
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے سی ڈی اے کے معاملات بہتر بنانے اور اسلام آباد میں شہری سہولیات کو شفاف بنانے کی کوششوں کے تناظر میں متاثرین نے متعلقہ حکام سے جواب طلب کیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ مبینہ زمین اسکینڈل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، سرکاری ریکارڈ سامنے لایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
کیبنٹ ڈویژن ہاؤسنگ سوسائٹی لینڈ اسکینڈل نے شہریوں کے لیے مختص زمین کے تحفظ، نقشوں کی منظوری اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کے نظام پر اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ متاثرین اب یہ جاننا چاہتے ہیں کہ انہیں انصاف کب ملے گا اور عوامی زمین کے مبینہ غلط استعمال کا حساب کون دے گا۔















