اسلام آباد: حکومت کی جانب سے طلبہ میں لاکھوں کروم بکس تقسیم کرنے کے اعلان کے بعد پرائیویٹ اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ بھی اس اسکیم میں شمولیت کے حوالے سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ تاہم، پرائم منسٹر یوتھ کروم بک اسکیم کے موجودہ رجسٹریشن پورٹل پر نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے درخواست دینے کا آپشن موجود نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کے سرکاری رجسٹریشن پورٹل پر جاری معلومات کے مطابق فی الحال اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے سرکاری اسکولوں کے مخصوص طلبہ کو اہل قرار دیا گیا ہے۔
پورٹل پر دی گئی شرائط کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سرکاری اسکولوں میں نویں جماعت کے وہ طلبہ درخواست دے سکتے ہیں جنہوں نے سالانہ امتحانات 2026 میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہو۔
اسی طرح اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تعلیمی بورڈز سے منسلک سرکاری اسکولوں کے دسویں جماعت کے پوزیشن ہولڈرز کو بھی درخواست دینے کی اجازت دی گئی ہے۔
دوسری جانب اسکیم کے ابتدائی اعلان کے موقع پر بتایا گیا تھا کہ صوبائی ایجوکیشن فاؤنڈیشنز کے تحت چلنے والے بعض نجی اسکولوں اور رجسٹرڈ دینی مدارس کے طلبہ کو بھی کروم بکس فراہم کی جائیں گی۔ تاہم، موجودہ آن لائن رجسٹریشن نظام میں ان طلبہ کے لیے درخواست جمع کرانے کا کوئی واضح آپشن نظر نہیں آتا۔
اس صورتحال کے باعث پرائیویٹ اسکولوں کے طلبہ اور والدین میں یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ آیا انہیں بھی اس سہولت میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔
حکام کی جانب سے طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صرف ابتدائی اعلانات کی بنیاد پر درخواست دینے کا فیصلہ نہ کریں بلکہ اپنی تعلیمی ادارے کی اہلیت کے بارے میں متعلقہ تعلیمی اتھارٹی یا آئی بی سی سی سے تصدیق ضرور کریں۔















