لاہور (اے بی این نیوز) یومِ اقبال کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے شہریوں کو 13 ہزار روپے نقد انعام دینے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پیغامات جعلی قرار دے دیے گئے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ان پیغامات کی تردید کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے فراڈ کا شکار نہ بنیں اور مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق جعل ساز وزیراعظم کے نام سے جعلی پیغامات اور مشکوک ویب لنکس پھیلا رہے ہیں، جن کے ذریعے شہریوں کی ذاتی معلومات، شناختی کارڈ نمبرز اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرکے مالی فراڈ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ایسے غیر مصدقہ پیغامات پر اعتماد نہ کریں، اپنی حساس معلومات کسی نامعلوم ویب سائٹ پر فراہم نہ کریں اور مشکوک پیغامات کو آگے شیئر کرنے سے بھی اجتناب کریں۔
ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کے مطابق سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ شہری کسی بھی مشکوک آن لائن سرگرمی یا دھوکہ دہی کی شکایت این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن 1799 یا قریبی دفتر میں درج کرا سکتے ہیں۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ملنے والے انعامی دعووں کی تصدیق کیے بغیر ان پر عمل نہ کریں اور اپنی مالی و ذاتی معلومات محفوظ رکھیں۔
مزیدپڑھیں: دنیا کے بڑے آلودہ شہروں میں لاہور آج پھر سرفہرست















