اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ پمز کے ذمہ داروں کے خلاف آئندہ 2 سے 3 دن میں مقدمات درج ہونا شروع ہوجائیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد کو معطل کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی آئندہ دو دن میں اپنی حتمی رپورٹ جمع کروائے گی، جس میں 8 معطل افراد کی غفلت یا غلطی کی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حتمی رپورٹ کی روشنی میں ہر فرد کی ذمہ داری کا تعین کرکے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے جائیں گے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیس بھی واقعے کی تفتیش کر رہی ہے اور جلد مزید معلومات سامنے آجائیں گی، جبکہ وزارتِ قانون کا متعلقہ شعبہ بھی معاملے پر کام کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ 2 سے 3 دن میں پولیس فوجداری قوانین کے تحت ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات درج کرنا شروع کردے گی۔
مزید پڑھیں:سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فریال تالپور کا بڑا اعلان















