راولپنڈی ( اے بی این نیوز)سہ فریقی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے انگلینڈ کو شکست دے دی۔ سری لنکن ٹیم نے 430 رنز کا مشکل ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کامیابی سے حاصل کیے جانے والے بڑے اہداف میں سے ایک ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش ٹیم نے کپتان ہیری بروک کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔
ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 202 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ جو روٹ نے 69، ٹام بیٹن نے 50 اور بین ڈکٹ نے 29 رنز بنائے جبکہ ول جیکس 66 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے دنتھ ویلالاگے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
430 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور 23 رنز پر کمنڈو مینڈس اور کپتان کوشل مینڈس پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اوشکا فرنینڈو اور پوون رتنا نائیکے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
اوشکا فرنینڈو 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ پوون رتنا نائیکے نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران سری لنکا کو ہدف کے قریب پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
داسن شناکا نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 97 رنز بنائے، تاہم وہ 363 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر جنیتھ لیاناگے نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 27 گیندوں پر 61 رنز بنائے اور سری لنکا کو تاریخی فتح سے ہمکنار کردیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 3، سیم کرن نے 2 جبکہ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں پاکستان اپنے ابتدائی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز اور انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے چکا ہے۔
مزید پڑھیں:معروف تامل گلوکار کرشناراج 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے















