تاحیات بلیو پاسپورٹ کی سہولت خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین کے لیے ختم کر دی گئی ہے۔ صوبائی اسمبلی نے مراعات اور استحقاق سے متعلق ترمیمی بل 2026 متفقہ طور پر منظور کر لیا، جس کے بعد سرکاری (بلیو) پاسپورٹ صرف رکن اسمبلی کی مدتِ رکنیت تک ہی قابلِ استعمال ہوگا۔
منظور شدہ ترمیمی بل کے مطابق اراکین اسمبلی کو تاحیات سرکاری پاسپورٹ کی سہولت اب حاصل نہیں ہوگی۔ نئی شق کے تحت بلیو پاسپورٹ صرف اسی عرصے تک مؤثر رہے گا جب تک متعلقہ شخص اسمبلی کا رکن ہوگا۔
بل میں دیگر اہم تبدیلیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔ اسمبلی نے اراکین کے لیے مفت اسلحہ لائسنسوں کی تعداد دوبارہ چار مقرر کر دی ہے، جبکہ صحافیوں سے متعلق جرمانوں اور سزاؤں میں بھی نرمی کی منظوری دی گئی ہے۔
صوبائی اسمبلی نے مراعات و استحقاق ایکٹ 2026 میں یہ ترامیم اتفاقِ رائے سے منظور کیں۔ حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے قانون میں تبدیلیوں کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مراعات کو واضح قانونی دائرہ کار میں رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2024 میں خیبر پختونخوا اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں اراکین اسمبلی اور ان کے اہل خانہ کو تاحیات بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ اس قرارداد کو اس وقت ایوان کی متفقہ حمایت حاصل ہوئی تھی، تاہم تازہ قانون سازی کے بعد یہ سہولت ختم کر دی گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس فیصلے سے سرکاری مراعات کے نظام میں مزید شفافیت لانے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ نئی ترامیم آئندہ کے لیے اراکین اسمبلی کی مراعات سے متعلق واضح قانونی رہنمائی فراہم کریں گی۔















