اہم خبریں

بجلی صارفین کے لیے ریلیف، پاور ڈویژن کا بڑا اعلان

بجلی صارفین کے لیے ریلیف، پاور ڈویژن کا بڑا اعلان سامنے آگیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاور ڈویژن نے دعویٰ کیا ہے کہ ستمبر میں روزانہ 2 سے ڈھائی گھنٹے لوڈ منیجمنٹ کرکے بجلی صارفین کو 3 روپے 44 پیسے فی یونٹ تک اضافی مالی بوجھ سے بچایا گیا۔

پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق مہنگے متبادل ایندھن سے بجلی پیدا کرنے کے اثرات کم کرنے کے لیے لوڈ منیجمنٹ کی گئی، جس کے نتیجے میں ستمبر کی متوقع فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 5 سے 6 روپے فی یونٹ سے کم ہوکر 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ تک محدود رہنے کا امکان ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ درآمدی ایل این جی کو مقامی گیس کے نرخوں پر فراہم کرکے بھی بجلی صارفین پر 83 پیسے فی یونٹ کا مالی بوجھ کم کیا گیا۔

پاور ڈویژن کے مطابق ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اگست کے مقابلے میں ایک روپے 45 پیسے فی یونٹ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس مد میں صارفین پر مجموعی ممکنہ مالی بوجھ 32 ارب 70 کروڑ روپے تک ہوسکتا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کے نظام کا استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاور سیکٹر کو ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی فراہمی ضروری ہے۔ اگر آر ایل این جی کی فراہمی میں مزید کمی ہوئی تو بجلی پیدا کرنے کے لیے مہنگے فرنس آئل اور ڈیزل پر انحصار بڑھ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں‌:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں، نئی قیمتیں سامنے آگئیں

متعلقہ خبریں